
امریکی کمیشن برائے عالمی مذہبی آزادی کا بھارت پر پابندیاں لگانے کا مطالبہ
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا میں مذہبی آزادی کے نگران ادارے نے ایک بار پھر بائیڈن انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ بیرون ملک مقیم مذہبی اقلیتوں کو مبینہ طور پر نشانہ بنانے پر امریکی مذہبی آزادی ایکٹ کے تحت بھارت کو خصوصی تشویش والے ممالک کی فہرست میں شامل کرے۔
خبررساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق امریکی کمیشن برائے عالمی مذہبی آزادی (یو ایس سی آئی آر ایف) نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت کی جانب سے بیرون ملک سرگرم سماجی کارکنوں، صحافیوں اور وکلا کی آواز کو دبانے کی حالیہ کوششوں سے مذہبی آزادی کو شدید خطرہ لاحق ہے۔
کمیشن نے ایک بیان میں کہا کہ یو ایس سی آئی آر ایف امریکی محکمہ خارجہ سے درخواست کرتا ہے کہ بھارت کی جانب سے منظم طور پر مذہبی آزادی کی سنگین خلاف ورزیوں کی وجہ سے بھارت کو خصوصی تشویش والے ممالک کی فہرست میں شامل کیا جائے۔
یو ایس سی آئی آر ایف کے کمشنر اسٹیفن شنیک نے کینیڈا میں سکھ سماجی کارکن ہردیپ سنگھ نجار کے قتل میں بھارتی حکومت کے مبینہ ملوث ہونے اور امریکا میں سکھ برادری کے ایک اور سماجی رکن گروپتونت سنگھ کو قتل کرنے کی سازش کو ’شدید پریشان کن‘ قرار دیا۔