اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ترک صدر رجب طیب اردوان کا 2 روزہ دورہ پاکستان کے دوران وزیراعظم ہاؤس آمد پر وزیراعظم شہباز شریف نے پرتپاک استقبال کیا، مہمان صدر کے لیے پروقار استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی، مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے مہمان صدر کو سلامی پیش کی جبکہ پاک فضائیہ کے ۔
ذرائع کے مطابق 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچنے والے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کی ایوان وزیراعظم آمد پر وزیراعظم شہباز شریف نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
مہمان صدر کو سلامی کے چبوترے پر لایا گیا جہاں دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے جس کے بعد مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کی، مہمان صدر نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا، اس موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی موجود تھے، جنہوں نے مہمان صدر سے مصافحہ بھی کیا۔
بعدازاں وزیراعظم شہباز شریف نے مہمان صدر سے وفاقی کابینہ کے ارکان کا فرداً فرداً تعارف کرایا جس کے بعد صدر اردوان نے اپنے وفد کے ارکان سے وزیراعظم کا تعارف کروایا۔
ترک صدر نے ایوان وزیراعظم کے سبزہ زار میں اپنے ہاتھوں سے پودا لگایا، اس موقع پر ملکی سلامتی اور پاک ترک تعلقات اور دونوں ملکوں کے استحکام کے لیے دعا بھی کی گئی۔