اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) قازقستان کی وزارت ٹرانسپورٹ نے بدھ کو بتایا کہ آذربائیجان ایئر لائن کا ایک مسافر طیارہ جو دارالحکومت باکو سے چیچنیا کے گروزنی کے لیے پرواز کر رہا تھا مغربی قازقستان میں گر کر تباہ ہو گیا۔
وزارت نے ٹیلی گرام پر کہا کہ باکو-گروزنی روٹ پر جانے والا ایک طیارہ اکتاو شہر کے قریب گر کر تباہ ہو گیا اور یہ آذربائیجان ایئر لائنز کا طیارہ ہے۔
وزارت صحت کے علاقائی محکمہ نے بعد میں ایک بیان میں مزید کہا، “اس وقت، 14 زندہ بچ جانے والوں کو علاقائی ہسپتال لے جایا گیا ہے جن میں پانچ انتہائی نگہداشت میں ہیں۔
آذربائیجان ایئر لائنز نے کہا کہ ایمبریئر 190 نے بحیرہ کیسپین کے مشرقی ساحل پر تیل اور گیس کے مرکز اکتاو سے تین کلومیٹر کے فاصلے پر “ہنگامی لینڈنگ” کی تھی۔
قازق وزارت ٹرانسپورٹ نے کہا کہ طیارے میں 62 مسافر اور عملے کے پانچ ارکان سوار تھے۔
ملک کی ہنگامی صورتحال کی وزارت نے کہا کہ اس کے اہلکار اس جگہ پر آگ بجھانے میں مصروف تھے۔
وزارت ٹرانسپورٹ نے کہا ہلاکتوں کے بارے میں معلومات فی الحال واضح کی جا رہی ہیں، لیکن ابتدائی معلومات کے مطابق متعدد زندہ بچ گئے ہیں۔