پاکستانی قوم آج بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کا 148واں یوم پیدائش روایتی جوش و جذبے سے منا رہی ہے، مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد کی گئی ہے جس میں پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے چاق و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔
بابائے قوم کے یوم پیدائش پر آج عام تعطیل ہے جبکہ تمام سرکاری و نجی عمارتوں پر قومی پرچم لہرایا جا رہا ہے۔
دن کا آغاز وفاقی اور صوبائی دارالحکومتوں میں توپوں کی سلامی سے ہوا، کراچی میں قائداعظم محمد علی جناحؒ کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ کے فرائض سنبھالے۔
اس موقع پر کمانڈنٹ ملٹری اکیڈمی کاکول میجر جنرل افتخار حسن چوہدری (ہلال امتیار ملٹری) نے مزار قائد پر سلامی دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کے بعد مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کیے، بابائے قوم کے یوم پیدائش پر مزار قائد میں قرآن خوانی بھی ہوگی۔
دریں اثنا، گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی صوبائی وزرا کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دی اور بابائے قوم کی قبر پر پھول رکھے، اس موقع پر پاک بحریہ کے دستے نے معزز مہمانوں کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
علاوہ ازیں، قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش پر چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی، تینوں سروسز چیفس اور افواج پاکستان نے بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : صدر مملکت، وزیر اعظم کا بابائے قوم کے یوم پیدائش اور کرسمس کے موقع پر خصوصی پیغام
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلح افواج قائد اعظمؒ کے لازوال وژن اور بے مثال قیادت کو خراج تحسین پیش کرتی ہے، بابائے قوم کی انتھک کوششوں نے عوام کو متحد کیا، خودمختار اور آزاد پاکستان کی بنیاد رکھی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ آج قائد کے اتحاد، ایمان، اور نظم و ضبط کے رہنما اصولوں کے لیے غیر متزلزل وابستگی کی تجدید کا دن ہے۔