تحریک انصاف کا احتجاج، راولپنڈی،اسلام آباد میں انٹرنیٹ، موبائل سروس معطل
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت پاکستان کے کئی شہروں میں انٹرنیٹ اور موبائل نیٹ ورک سروسز معطل کر دی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے ڈی چوک پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی احتجاجی کال سے قبل جڑواں شہروں کے متعدد علاقوں میں سروس معطل کردی گئی ہے۔
ذرائع نے انکشاف کیا کہ کراچی میں بھی انٹرنیٹ سروس معطل ہے جہاں سوشل میڈیا ایپس کے استعمال میں صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔
اس سے قبل آج پنجاب حکومت نے سیاسی اجتماعات، احتجاج اور ریلیوں پر پابندی کے لیے دفعہ 144 کے نفاذ کے بعد صوبے کے چار شہروں میں رینجرز اہلکار تعینات کر دیے ہیں۔
لاہور، راولپنڈی، اٹک اور سرگودھا میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی۔ اس کے علاوہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے رینجرز کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔
لاہور میں پنجاب حکومت نے 5 اکتوبر کے لیے خصوصی طور پر رینجرز کی تین کمپنیوں کی خدمات طلب کر لی ہیں۔
دفعہ 144 راولپنڈی، اٹک اور سرگودھا میں 4 اکتوبر (آج) جمعہ سے 6 اکتوبر بروز اتوار تک تین روز تک نافذ رہے گی۔