پی ٹی آئی میں تنظیم کی کمی ہے، ایسا مجمع انقلاب نہیں لاسکتا، محمود خان اچکزئی
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے پی ٹی آئی قیادت سے شکوہ کیا کہ لاکھوں کی حمایت کے باوجود عمران خان جیل میں ہے، دراصل پی ٹی آئی میں تنطیم کی کمی ہے، اسٹیج پر چڑھتے ہوئے کپڑے پھٹ جاتے ہیں، جیبیں کٹ جاتی ہیں، ایسا مجمع انقلاب نہیں لاسکتا۔
گزشتہ روز اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو پیغام دینا چاہتا ہوں آج تک دنیا میں جتنے بھی انقلاب ہوئے ہیں، چاہے مذہبی یو یا سیاسی، کسی بھی انقلاب کو اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کی حمایت حاصل نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ آپ کا انقلاب کیوں نہیں ہورہا، تو اس کی بنیادی وجہ تنظیم کا نہ ہونا ہے کیوں کہ انقلاب کے لیے بنیادی شرط تنظیم ہوتی ہے، آپ لوگوں کا عمران خان سے محبت اورعشق اپنی جگہ لیکن تنظیم کی کمی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ جب اسٹیج پر چڑھتے ہو تو کپڑے پھٹ جاتے ہیں، جیبیں کٹ جاتی ہیں، لوگ اسٹیج سے نیچے گرتے ہیں، ایسا مجمع انقلاب نہیں لاسکتا، عمران خان خوش قسمت ہیں آج تک پاکستان میں کسی لیڈر کو اتنی حمایت حاصل نہیں ہوئی۔
محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ایک ہفتہ پہلے عمران خان نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں کہا تھا کہ اور بالکل درست کہا تھا کہ ہم انقلاب لائیں گے لیکن میں کہنا چاہتا ہوں کہ آپ کا انقلاب ووٹ کے ذریعے آچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہت مقتدر سیاسی لوگ یہ کہتے ہیں کہ فارم 45 اور 47 میں کوئی فرق نہیں لیکن میں کہنا چاہتا ہوں کہ فارم 47 والے چور اور ڈاکو ہیں، آج ہماری اسٹیبلشمنٹ کو یہ بات پتہ ہے کہ شہباز کی یہ حکومت دھونس، بے ایمانی، چوری اور پسوں سے آئی ہے، ان کی حمایت کرنا قرآن پاک یہ آیت کی خلاف ورزی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی قیادت سے شکوہ کرنا چاہتا ہوں کہ لاکھوں کی حمایت کے باوجود عمران خان جیل میں ہے، یہ بہت بری بات ہے، آج بھی اگر صرف یہی مجمع طریقے سے آگے بڑھے اور حکومت کو 10 سے 15 دن کا وقت دیں، اگر 15 دن میں عمران خان سمیت تمام سیاسی قیدیوں کو رہا نہیں کیا تو پورے ملک میں سیاسی تحریک شروع کردیں گے۔
محمود خان اچکزئی نے کہا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے پلیٹ فارم سے ہم سب اکھٹے ہوکر اعلان کریں کہ پاکستان کے ہر ضلع میں تحریک چلانی ہے، نہ ہمارا راستہ فوج روک سکتی ہے اور نہ پولیس روک سکتی ہے، صرف عوام کا راج ہوگا۔