اسلام آباد :مارگلہ پہاڑیوں میں ایک بار پھر آگ لگ گئی
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) اسلام آباد کی مارگلہ پہاڑیوں میں ایک بار پھر گرمی کی شدت میں اضافے کے سبب آگ لگ گئی ہے۔
مارگلہ کی پہاڑیوں میں لگی آگ کو بجھانے کے لیے پاک بحریہ کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
پاک بحریہ کے فائر فائٹرز، 4 فائر ٹینڈرز اور 2 واٹر باؤزرز آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔
دوسری جانب کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے ترجمان نے بتایا کہ کی ٹیمیں آگ بجھانے کے لیے موقع پر پہنچ چکی ہیں، سی ڈی اے کے 80 سے زائد فائر فائٹرز آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لے رہے ہیں۔
ترجمان سی ڈی اے نے کہا کہ آگ پر جلد قا بو پانے کے لیے مزید ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں۔ چئیر مین سی ڈی اے محمد علی رندھاواکی ہدایت پر ڈی جی انوائرمنٹ خود آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔
ترجمان کے مطابق چیئر مین سی ڈی اے و چیف کمشنر کی ہدایت پر متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر موقع پر موجود ہیں، تیز ہوا اور گرم موسم کی وجہ سے آگ پر قابو پانے میں مشکلات کا سامنا ہے، آگ پر قابو پانے کے لیے تمام وسائل بروکار لائے جارہے ہیں۔