اردو انٹرنیشنل اسپورٹس ڈیسک تفصیلات کے مطابق سنٹرل ایشین والی بال چیمپیئن شپ میں چھ ممالک کی ٹیمیں حصہ لینے کے لیے تیار ہیں، جو ہفتہ کو پاکستان اسپورٹس کمپلیکس میں شروع ہوگی۔
17 مئی کو ختم ہونے والے ٹورنامنٹ میں ایران، ترکمانستان، کرغزستان، سری لنکا، افغانستان اور میزبان پاکستان کی ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔
جمعہ کو اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں ایونٹ ٹرافی کی رونمائی کی گئی، جس میں پاکستان والی بال فیڈریشن (پی وی ایف ) کے چیئرمین چوہدری محمد یعقوب کے ہمراہ دورہ کرنے والی ٹیموں کے عہدیداران نے ٹورنامنٹ کی تفصیلات شیئر کیں۔
ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ ترکمانستان اور ایران کے درمیان دوپہر ایک بجے شروع ہوگا۔ اس میچ کے بعد سری لنکا اور کرغزستان کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب شام کو ہوگی۔
تقریب کے بعد، پاکستان اور افغانستان کے درمیان شام 6:30 بجے ایک دلچسپ میچ کے ساتھ ایکشن جاری رہے گا۔
پاکستان والی بال فیڈریشن (پی وی ایف ) نے پاکستان میں اس باوقار ٹورنامنٹ کی میزبانی کے لیے سہولیات فراہم کرنے پر پاکستان سپورٹس بورڈ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ۔ پی وی ایف نے ڈائریکٹر جنرل کھیل، وزیر بین الصوبائی رابطہ (آئی پی سی) اور آئی پی سی کے سکریٹری کے انمول تعاون کا بھی اعتراف کیا اور پریس کانفرنس اور ٹرافی کی نقاب کشائی کی تقریب کی میزبانی پر سرینا ہوٹلز کی تعریف کی۔