پاک چین تعاون کو کمزور کرنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی،چین
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) چین نے کہا ہے کہ پاک چین تعاون کو کمزور کرنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی،چین پاکستان کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے، چین ہر قسم کی دہشت گردی کی مخالفت کرتا ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ گوادر پرو کے مطابق چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے داسو بم حملے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم جاں بحق ہونے والے افراد کی ہلاکت پر گہری تعزیت اور سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔
ترجمان کے مطابق چین نے پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جلد از جلد واقعے کی مکمل تحقیقات کرے، مجرموں کا سراغ لگائے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لائے۔گوادر پرو کے مطابق انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ پاکستان میں چینی شہریوں، اداروں اور منصوبوں کے تحفظ کے لیے موثر اقدامات کرے۔
ترجمان نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے، پاک چین تعاون کو کمزور کرنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔
گوادر پرو کے مطابق انہوں نے کہا چین ہر قسم کی دہشت گردی کی مخالفت کرتا ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین پاکستان میں چینی اہلکاروں، منصوبوں اور اداروں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے کے عزم کے ساتھ پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز 26 مارچ کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے صوبہ خیبر پختونخوا میں ایک چینی کمپنی کی جانب سے شروع کیے گئے داسو ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کی گاڑی پر ہونے والے دہشت گرد حملے میں پانچ چینی اور ایک پاکستانی شہری ہلاک ہو گئے تھے۔
گوادر پرو کے مطابق اس سہ پہر پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان میں چینی سفارت خانے کا دورہ کیا اور سوگوار خاندانوں اور چینی حکومت سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ دہشت گردوں کی پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔ اسی دن پاکستان کے صدر آصف علی زرداری، وزیر خارجہ، وزیر داخلہ اور کئی دیگر سیاسی شخصیات نے حملے کی شدید مذمت کی اور جانی نقصان پر تعزیت کا اظہار کیا۔
گوادر پرو کے مطابق منگل کی رات دیر گئے پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیدونگ نے راولپنڈی کے اسپتال کا دورہ کیا اور متاثرین کی باقیات وصول کیں۔ اس سے قبل پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر سے ٹیلی فونک گفتگو میں انہوں نے اس معاملے کی مکمل تحقیقات، چینی فریق کو تحقیقات کی پیشرفت سے بروقت آگاہ کرنے اور پاکستان میں چینی اہلکاروں، منصوبوں اور اداروں کی سیکیورٹی کو جامع طور پر مضبوط بنانے اور پاکستان میں چینی شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مزید اقدامات کرنے کا عہد کیا تھا۔