ایران کی ماہی گیروں کو بحفاظت ریسکیو کرنے پر پاک بحریہ کی تعریف
اردو انٹرنیشنل ( مانیٹرنگ ڈیسک) تفصیلات کے مطابق ایران نے ماہی گیروں کو بحفاظت ریسکیو کرنے پر پاک بحریہ کی تعریف کی ہے۔ ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے کہا ہے کہ ایران پاکستان مشکل گھڑی میں ساتھ کھڑے ہیں۔
اسلام آباد میں ایرانی سفارت خانہ سے جاری بیان کے مطابق ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے کہا ہے کہ کھلے سمندر میں ایرانی ماہی گیروں کی مدد پر پاکستان نیوی کی کارروائی کو سراہتے ہیں۔
یاد رہے کہ پاک بحریہ نے کھلے سمندر میں ایرانی ماہی گیروں کو بچانے کے لیے کامیاب ریسکیو آپریشن کیا تھا۔
ریسکیو آپریشن کے دوران پاک بحریہ کے جہاز نے سمندر میں آتشزدگی کا نشانہ بننے والی کشتی کی طرف سے ہنگامی کال کو بروقت مانیٹرکیا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جہاز پی این ایس یرموک نے کھلے سمندر میں آتشزدگی کا شکار ایرانی کشتی کے 8 ماہی گیروں کو بچا لیا تھا۔
اس حوالے سے تعریفی بیان میں رضا امیری مقدم نے مزید کہا کہ ایران اور پاکستان ریسکیو اور انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرتے رہتے ہیں۔