برطانیہ کی حکومت نے انگلینڈ کے تمام اسکولوں میں موبائل فون پر پابندی عائد کردی
اردو انٹرنیشنل ( مانیٹرنگ ڈیسک) تفصیلات کےمطابق برطانوی حکومت کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تمام اسکولوں میں طالب علموں کے موبائل فون استعمال کرنے پر پابندی ہوگی. اسکولوں میں موبائل فون لانے پر پابندی کا مقصد کلاس رومز میں تدریسی عمل میں خلل کو کم کرنا ہے.
وزیراعظم رشی سونک نے کلاس روم میں موبائل فون کے استعمال کو پریشان کن قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ موبائل کے استعمال پر پابندی سے طلبہ کے رویوں میں بہتری آئے گی۔
برطانوی وزارت تعلیم کی جانب سے جاری نئی ہدایات کے مطابق حکومت چاہتی ہےکہ طلبا اسکول میں تعلیم پر دھیان دیں، اس کا مقصد تدریسی سرگرمیوں کے دوران طالب علموں کی توجہ بھٹکنے سے بچانا ہے۔
برطانوی حکومت کی جانب سے اسکولوں میں موبائل فون استعمال سے متعلق نئی پالیسی کا اعلان ایک روز قبل کیا گیا تھا.
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی جانب سے بھی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھا کہ پڑھائی کے دوران موبائل فون کے استعمال سے طلبا کی کارگردگی اور صلاحیت متاثر ہوتی ہے۔