الیکشن میں ہارنے والے امیدواروں کی ضمانت ضبط نہیں ہوگی،الیکشن کمیشن کا فیصلہ
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات میں ہارنے والے امیدواروں کی ضمانت ضبط نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ عام انتخابات میں کسی امیدوار کی ضمانت ضبط نہیں ہوگی۔ پہلے خاص تناسب سے کم ووٹ حاصل کرنے والے امیدوار کی ضمانت ضبط کر لی جاتی تھی۔ اب کاغذات نامزدگی کے ہمراہ جمع کرائی گئی رقم ناقابل واپسی ہے۔
فارم 45 پر امیدواروں کے نام شائع کرنے سے نتائج میں شفافیت اور وقت کی بچت ہوگی۔ذرائع الیکشن کمیشن نے کہا کہ ووٹنگ مکمل ہونے پر ہر پولنگ اسٹیشن پر موجود پولنگ ایجنٹوں کو فارم 45 پر امیدواروں کے حاصل کردہ ووٹ درج کر کے دیئے جاتے ہیں۔ جب کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ فراہم کردی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کروادی ہے۔ سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ ’موجودہ صورتحال میں وقت کی کمی کے باعث بیلٹ پیپرز کی مزید پرنٹنگ کی گنجائش نہیں، عدالتی فیصلوں کے باعث بیلٹ پیپرز کی چھپائی سے متعلق پلان میں رد و بدل کرنا پڑا ہے،جس حد تک ممکن تھا کئی حلقوں میں عدالتی فیصلوں کی روشنی میں بیلٹ پیپرز دوبارہ چھاپے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ قانون کے مطابق عام انتخابات کے نتائج رات 1 بجے تک دیں گے اور اس بار آر ٹی ایس کی بجائے ای ایم ایس سسٹم استعمال کیا جائے گا جس کا مقصد شفاف انتخابات کا انعقاد ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن آئین کے مطابق اپنا کردار احسن طریقے سے ادا کر رہا ہے اور انتخابات بروقت کرانے کیلئے ہماری تیاریاں مکمل ہیں، پرامن اور شفاف انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی بنیادی ذمہ داری ہےْ سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے سب کو برابر مواقعے کی فراہمی کیلئے چیف سیکرٹریز اور آئی جیز کو سخت ہدایات جاری کی ہیں۔