کابل خود کش دھماکے میں 6 افراد جاں بحق، 13 زخمی: پولیس
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان کے دارالحکومت کابل کی پولیس کا کہنا ہے کہ پیر کو کابل میں ایک خودکش دھماکے میں 6 افراد جان بحق ہو گئے جبکہ 13 زخمی ہو گئے۔
کابل کے جنوبی مضافات کے علاقے قلعہ بختیار میں پیر کی سہ پہر ہونے والے اس حملے کی فوری طور پر کسی نے ذمہ داری قبول نہیں کی۔
2021 میں طالبان کے اقتدار پر قبضے کے بعد سے افغانستان میں تشدد میں کمی آئی ہے، تاہم داعش کی علاقائی شاخ سمیت متعدد عسکریت پسند گروہ اب بھی سرگرم ہیں۔
کابل پولیس کے ترجمان خالد زدران کا کہنا ہے کہ دھماکہ خیز مواد پہنے ایک شخص نے دھماکہ کیا اور جان سے جانے والوں میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کیا کہ زخمیوں کو بروقت ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔
افغانستان کے طالبان حکام نے تین سال قبل غیر ملکی افواج کے انخلا کے بعد اقتدار میں آنے کے بعد سے سلامتی کو اپنی اولین ترجیح قرار دیا ہے۔