
دبئی میں طوفانی بارشیں، 75 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا
مشرق وسطیٰ کے مالیاتی مرکز دبئی میں شدید طوفانی بارشوں کے باعث نظام زندگی مفلوج ہو گیا۔
خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں پیر کے آخر سے منگل کی رات تک 75 سالوں میں سب سے زیادہ بارش ہوئی۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق گزشتہ روز فلیگ شپ شاپنگ سینٹرز دبئی مال اور مال آف ایمریٹس دونوں کو بارشوں کے باعث سیلاب کا سامنا کرنا پڑا اور دبئی کے ایک میٹرو اسٹیشن پر بھی پانی ٹخنوں تک جمع ہوگیا۔
دوسری جانب دبئی ایئرپورٹ آنے والے مسافروں کیلئے نئی ہدایت جاری کردی گئی۔
دبئی ایئرپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ مسافر ایئر پورٹ آنے کی زحمت نہ کریں، فلائٹ آپریشن بحالی میں غیر معمولی چیلنجز درپیش ہیں اور فلائٹس آپریشن کی بحالی میں وقت لگے گا۔
حکام نے مسافروں سے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلائٹس آپریشن کی مکمل بحالی کی کوششیں کر رہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق دبئی کی ایمریٹس ایئر لائن نے آج رات 12 بجے تک اپنے چیک ان کاؤئنٹر بند کردیے ہیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق دبئی میں خراب موسم اور سڑکوں کی صورتحال کے باعث آپریشنل چیلنجز درپیش ہیں۔