غزہ کے الشفا اسپتال کے ڈائریکٹر سمیت سینئر ڈاکٹرز کو اسرائیلی فورسز نےگرفتار کر لیا
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جمعرات کے روز صیہونی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے الشفا اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد ابو سلمیا سمیت دیگر سینئر ڈاکٹرز کو گرفتار کرلیا۔
ہسپتال کے ایک شعبہ کے سربراہ خالد ابو سمرہ نے جمعرات کو خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ محمد ابو سلمیہ کو کئی دیگر “سینئر ڈاکٹروں” کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا۔
گرفتاری کی اطلاع اسرائیلی براڈکاسٹنگ اتھارٹی نے بھی دی تھی اور اس کی تصدیق سلمیہ کے کزن ادھم ابو سلمیہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر ایک پوسٹ میں کی تھی۔
غزہ کی وزارت صحت نے کہا کہ وہ عالمی ادارہ صحت سے وضاحت چاہتا ہے، کیونکہ طبی ماہرین ڈبلیو ایچ او کے ایک قافلے میں مریضوں کے ساتھ سفر کر رہے تھے جب انہیں اسرائیلی فورسز نے روکا اور حراست میں لے لیا۔
دوسری جانب اسرائیل نے غزہ پٹی پر وحشیانہ بمباری اور زمینی کارروائی بھی جاری رکھی ہوئی ہے جبکہ فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ طے پا چکا ہے تاہم اسرائیلی وزیر برائے قومی سلامتی کا کہنا ہے کہ جمعے سے پہلے فلسطینی قیدیوں کی رہائی ممکن نہیں ہے۔