رضوان سعید شیخ نے امریکا میں پاکستان کے نئے سفیر کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھال لیں
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکہ میں پاکستان کے نئے سفیر رضوان سعید شیخ نے بدھ کے روز واشنگٹن میں اپنے عہدے کی سفارتی ذمہ داریاں باضابطہ طور پر سنبھال لیں.
پریس ریلیز کے مطابق امریکی دارالحکومت کے ہوائی اڈے پر امریکی محکمہ خارجہ کے حکام اور سفارت خانے کے افسران نے رضوان سعید شیخ کا استقبال کیا۔
بدھ کے روز رضوان سعید شیخ نے سفارت خانے کے افسران کے ساتھ تعارفی ملاقاتیں کیں اور پاکستان کی اقتصادی صورتحال کے تناظر میں ترجیحات پر تبادلہ خیال کیا۔
دفتر میں ان کا پہلا دن مختلف محکموں کے سربراہان سے ملاقاتوں پر مشتمل تھا جنہوں نے انہیں تفصیلی بریفنگ دی، جس کے بعد امریکہ میں پاکستان کے قونصل جنرلز کے ساتھ زوم میٹنگ ہوئی۔
H.E. Ambassador Rizwan Saeed Sheikh has officially assumed his responsibilities as Pakistan's Ambassador to the United States today. His first day was filled with meetings engaging with embassy officers and Pakistani Consulate officers across the USA. #Pakistan #USA 1/2 pic.twitter.com/Okdvs32RXU
— Pakistan Embassy US (@PakinUSA) August 22, 2024
رضوان سعید شیخ جو اس سے قبل طویل عرصے تک پاکستانی سفارت خانے میں ڈپٹی چیف آف مشن کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں، وہ سابق سفیروں جلیل عباس جیلانی، اعزاز احمد چوہدری، اسد مجید خان، اور علی جہانگیر صدیقی کے ساتھ سفارتی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔
سفارتخانے کے افسران سے ملاقات کے دوران امریکہ میں پاکستان کے نئے سفیر نے پاک امریکہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔
پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران رضوان نے کہا کہ “پاک-امریکہ تعلقات کو مستحکم کرنا، اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانا ” ان کی اولین ترجیحات ہوں گی۔
انہوں نے امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا، انہیں ملک کا قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے پاک امریکہ تعلقات میں ایک مضبوط رشتہ کے طور پر خدمات انجام دینے میں ان کے کردار کو بھی یاد کیا۔
انہوں نے کہا کہ کمیونٹی کو بہتر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جانی چاہئے اور نتیجہ پر مبنی سفارت کاری کو آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔