اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف اتوار کو اسلامی کانفرنس میں شرکت کے لئے سعودی عرب روانہ ہوں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کے دورۂ سعودی عرب میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ بھی ان کے ساتھ ہوں گے۔
وزیراعظم سعودی عرب میں اسلامی کانفرنس میں شرکت کے علاوہ دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم نے حال ہی میں سعودی عرب کا دورہ کیا تھا، جس کے بعد انہوں نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں خطاب کے دوران اس حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا تھا کہ سعودی حکومت سے وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے، پھر ولی عہد محمد بن سلمان سے ون آن ون ملاقات ہوئی جس میں شہزادہ محمد بن سلمان نے ایک بار پھر پاکستان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور پاکستان کی ترقی اور سرمایہ کاری کے حوالے سے دوستانہ گفتگو کی۔
دوسری طرف آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بھی گزشتہ دنوں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی، جس میں علاقائی امن، دفاعی اور دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔