اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ڈیسک) تفصیلات کے مطابق پاکستان فٹ بال فیڈریشن نے احسان احمد کی فیفا ریفری لسٹ 2024 میں اسسٹنٹ ریفری کے طور پر شمولیت کو سراہا ہے۔ فٹ بال ہاؤس لاہور میں منعقدہ تقریب میں نارملائزیشن کمیٹی کے رکن محمد شاہد نیاز کھوکھر نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ منیجر ریفری پی ایف ایف خرم شہزاد، پی ایف آر اے کے سینئر نائب صدر وحید مراد، جونیئر ریفریز اور پی ایف ایف کے دیگر آفیشلز بھی اس موقع پر موجود تھے۔
احسان احمد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا، “میں پی ایف ایف این سی کا پر اعتماد کرنے پر شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ ملک بھر میں ریفری کورسز اچھے طریقے سے چل رہے ہیں۔ مجھے امید ہے کہ اس سے نوجوان ریفریز کو بہت مدد ملے گی۔”
رکن پی ایف ایف این سی محمد شاہد نیاز کھوکھر نے فٹ بال میں ریفریز کے اہم کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ کھیل کا سب سے اہم حصہ ہیں۔ انہوں نے احسان احمد اور فیفا ریفری لسٹ 2024 کے لیے دیگر ریفریز اور اسسٹنٹ ریفریز کے انتخاب پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے پاکستان کے لیے ایک قابل فخر لمحہ قرار دیا۔ انہوں نے ان کی آئندہ ذمہ داریوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔