
رپورٹ : جواد شینواری
پاکستان نے افغانستان کے زلزلہ متاثرین کے لیے امدادی پیکیج افغان حکام کے حوالے کر دیا۔ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر بھیجا گیا یہ امدادی سامان پانچ کنٹینرز پر مشتمل تھا جس میں 105 ٹن خوراکی و غیر خوراکی اشیاء شامل تھیں۔
امدادی سامان میں خیمے، ادویات، خوراک اور دیگر ضروری اشیاء شامل تھیں۔ اس موقع پر وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے طورخم سرحد پر افغان حکام کے کونسل جنرل حافظ محب اللہ شاکر کو سامان باقاعدہ طور پر حوالے کیا۔ کنٹینرز کی حوالگی کے دوران افغان حکام نے پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان اس وقت ایک بڑے سانحہ سے دوچار ہے اور اس مشکل وقت میں پاکستان کی امداد کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر امیر مقام نے اس موقع پر کونسل جنرل حافظ محب اللہ شاکر کے ساتھ ملاقات بھی کی اور وزیراعظم شہباز شریف کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم افغانستان میں زلزلے کے سانحے پر انتہائی رنجیدہ ہیں اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی خصوصی ہدایت پر صوبائی حکومت نے زلزلہ متاثرین کے لیے امدادی سامان افغان حکام کے حوالے کیا تھا۔ یہ سامان 35 ٹرکوں پر مشتمل تھا، جسے افغان حکام کے نمائندے ایمل محمدی کے حوالے کیا گیا۔