اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیرِ اعظم شہباز شریف اور بیلاروس کے صدر کے درمیان دو طرفہ ملاقات میں باہمی تعاون اور اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔
شہباز شریف نے وزیرِ اعظم ہاؤس آمد پر بیلاروس کے صدر کو خوش آمدید کہا جس کے بعد انہوں نے پاکستان میں پرتپاک استقبال اور میزبانی پر وزیرِ اعظم کا شکریہ ادا کیا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان بیلاروس کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور شراکت داری کی نئی راہیں کھولنے میں مددگار ثابت ہو گا۔
اس ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، دفاعی تعاون اور علاقائی مسائل سمیت مختلف موضوعات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور بیلاروس کے تعلقات کے تمام پہلوؤں میں مثبت پیش رفت پر اظہارِ اطمینان کیا اور عالمی اور علاقائی پیش رفت پر تبادلۂ خیال بھی کیا۔
پاکستان۔بیلاروس بزنس فورم میں 8 تجارتی معاہدے طے پا گئے۔پاکستان اور بیلاروس کے درمیان 5 سال کے لیے”نیوٹری فوڈ اینڈ فارماسیوٹیکلز کمپنی” اور “بیلاکٹ” کی جانب سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے ۔ سال 2025 کے لئے پاکستان اور بیلاورس کے مابین مصنوعات کی فراہمی کے لئے “شہزاد ٹریڈ لنکس” اور “منسک موٹر پلانٹ” نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ، شہزاد ٹریڈ لنکس” اور “بیلشینا” کے مابین پاکستانی منڈی میں ٹائرز کی فراہمی کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے ۔
ویٹرنری ادویات کی فراہمی کے لئے “مصطفی برادرز” اور “بیل وٹونیفارم” کے مابین معاہدہ طے پایا ، نیشنل لاجسٹک کارپوریشن” اور “بیلٹاموز سروس” کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے ، فارما انڈسٹری میں تعاون پر “بائیو میڈیکل سسٹم” اور “بیلمیڈپریپریٹری” کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے ۔
مصنوعات کی فراہمی کے لئے “راس انٹرنیشنل ٹریڈنگ” اور “بیلٹس ویٹمیٹ” کے مابین معاہدہ طے پایا اور پاکستان کی جانب سے”گرین کارپوریشن انیشی ایٹو” اور بیلاروس کی “منسک ٹریکٹر ورکس” کمپنیوں کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے ۔