سندھی گانے ’آئی آئی‘سے ’کوک اسٹوڈیو 15‘ کا آغاز
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) موسیقی کے شائقین کا طویل انتظار ختم ہوا اور کوک اسٹوڈیو نے ایک سال کے وقفے کے بعد پندرہویں سیزن کا پہلا گانا ریلیز کردیا۔
کوک اسٹوڈیو سیزن 15 کا آغاز سندھی گانے ’آئی آئی‘ سے کیا گیا، جسے نئے گلوکار نعمان علی راجپر نے ماروی اور سائبان کے ساتھ مل کر گایا ہے۔
سندھی گانے کی شاعری نعمان علی راجپر اور بابر منگی نے لکھی ہے جب کہ اس کی موسیقی چار افراد نے ترتیب دی ہے۔
’آئی آئی‘ کی موسیقی نعمان علی راجپر اور بابر منگی کے ساتھ ساتھ پروڈیوسر ذالفقار علی جبار المعروف ذلفی اور عبداللہ صدیقی نے ترتیب دی ہے۔
سندھی گانے کی تیاری میں کوک اسٹوڈیو کے ساتھ گلوکار سیف سمیجو سمیت دیگر فنکاروں نے بھی معاونت کی اور سیزن 15 کے پہلے گانے کو 14 اپریل کو یوٹیوب سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ریلیز کیا گیا۔
گانے کو فوک سندھی موسیقی کی وجہ سے سراہا گیا، تاہم گانا زیادہ شائقین کی توجہ حاصل کرنے میں ناکام رہا۔
’آئی آئی‘ کو یوٹیوب پر ایک ہی دن میں 10 لاکھ بار تک دیکھا گیا اور اسے صارفین نے سوشل میڈیا پر بھی شیئر کیا۔
View this post on Instagram
کوک اسٹوڈیو سیزن 15 کے آغاز میں ہی مقامی زبان کے گانے کو ریلیز کیے جانے کے بعد خیال کیا جا رہا ہے کہ سیزن میں مزید مقامی زبانوں کے گانے بھی پیش کیے جائیں گے۔
کوک اسٹوڈیو 15 میں مجموعی طور پر 11 گانے ریلیز کیے جائیں گے اور امکان ہے کہ پنجابی، پشتو، بلوچی اور سرائیکی میں بھی گانے پیش کیے جائیں گے۔