Important economic forum in Washington, important meetings with Finance Minister Aurangzeb are scheduled.
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک)ڈان نیوزکی خبر کے مطابق پاکستان کے وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب عالمی مالیاتی اداروں کے اسپرنگ اجلاس میں شرکت کے لیے واشنگٹن پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ پاکستان کے معاشی ایجنڈے اور اصلاحاتی پروگرام کو عالمی قیادت کے سامنے پیش کریں گے۔
یہ اجلاس بین الاقوامی مالیاتی فنڈ اور ورلڈ بینک کے تحت 13 سے 18 اپریل تک جاری رہے گا، جس میں دنیا بھر سے وزرائے خزانہ، مرکزی بینکوں کے سربراہان اور ماہرینِ معیشت شریک ہیں۔
وزارتِ خزانہ کے مطابق محمد اورنگزیب اس موقع پر اہم عالمی مالیاتی شخصیات، پالیسی سازوں اور اوورسیز پاکستانیوں سے ملاقاتیں کریں گے، جبکہ وہ پاکستان کی معاشی صورتحال، اصلاحاتی اقدامات اور مستقبل کی ترقیاتی حکمتِ عملی پر بریفنگ بھی دیں گے۔
دورے کے دوران ان کی آئی ایم ایف کی اعلیٰ قیادت سے بھی ملاقاتیں متوقع ہیں، جن میں ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹرز اور علاقائی حکام شامل ہیں، جہاں پاکستان کے جاری پروگرامز اور آئندہ تعاون پر بات چیت ہوگی۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ دورہ عالمی مالیاتی اداروں کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے اور معاشی استحکام کے لیے پاکستان کے عزم کا اظہار ہے۔




