اردو انٹرنیشنل اسپورٹس ڈیسک تفصیلات کے مطابق انگلش پریمیئر لیگ کے حالیہ میچ میں کرسٹل پیلس نے مانچسٹر یونائیٹڈ کو 4-0 سے شکست دی۔ یہ پہلا موقع تھا جب کسی ریفری نے انگلش پریمیئر لیگ گیم کے دوران ریف کیم نامی کیمرہ پہنا۔ اگرچہ ریف کیم کی فوٹیج لائیو نہیں دکھائی گئی تھی، لیکن اسے اعلیٰ سطح پر ریفرینگ کے چیلنجوں اور کامیابیوں کو اجاگر کرنے کے لیے لیگ پروگرام میں استعمال کیا جائے گا۔
کرسٹل پیلس نے 13 منٹ کے بعد میچ میں اس وقت برتری حاصل کر لی ،جب مائیکل اولیس نے ڈیفنڈرز کے دباؤ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے گول کر دیا۔ اس کے بعد جین فلپ میٹیٹا نے ہاف ٹائم سے ٹھیک پہلے جونی ایونز کو نظرانداز کرتے ہوئے دوسرا گول کیا ۔ یونائیٹڈ کا دفاع ایک بار پھر اس وقت مشکل میں پڑ گیا جب کھیل کے تقریباً ایک گھنٹے بعد ٹائرک مچل نے کرسٹل پیلس کے لیے تیسرا گول کیا اور اس کے بعد، اولیس نے میچ میں دوسرا گول داغ دیا جس سے پیلس کا اسکور 4-0 ہوگیا ۔
یہ مانچسٹر یونائیٹڈ کے کپتان کیسمیرو کے لیے ایک مشکل وقت تھا، کیونکہ اس میچ کے دوران ان کے دو گو مسترد کیے گئے تھے. برونو فرنینڈس، سکاٹ میک ٹومینے، ہیری میگوائر، اور مارکس راشفورڈ جیسے اہم کھلاڑیوں کی کمی کے باوجود، انہیں ٹیبل میں ان سے نیچے کی ٹیم کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔