کوہستان میں غیرت کے نام پر لڑکا اور لڑکی قتل
اردو انٹرنیشنل(مانیٹرنگ ڈیسک) تفصیلات کے مطابق واقعہ خیبر پختونخوا کے شمالی ضلع کولئی پالس کوہستان کے علاقے برپارو کے گاؤں چیرگئی میں پیش آیا جہاں پر غیرت کے نام پر ایک لڑکا اور لڑکی کو قتل کیا گیا ہے.
ایف آئی آر کے مطابق پولیس اطلاع ملنے کے بعد جائے وقوعہ پر پہنچی تو دو وہاں دو لاشیں خون میں لت پت پڑی ملیں۔
پولیس کے مطابق دونوں کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا. پولیس نے ایف آئی آر میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ کو غیرت کے نام پر قتل قرار دے دیا.
ایس ایچ او تھانہ کوز پارو جاوید خان کے مطابق انہوں نے لاشیں تحویل میں لیکر تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال پالس منتقل کی جہاں پر ان کا پوسٹ مارٹم کیا گیا۔
پولیس معلومات کے مطابق لڑکا اور لڑکی چپرگئی کے رہائشی تھے۔ پولیس نے ایف آئی آر میں دعویٰ کیا ہے کہ مقتولہ کے بھائی اور والد نے فائرنگ کر کے دونوں کو قتل کیا اور یہ بظاہر غیرت کے نام پر قتل کا واقعہ معلوم ہوتا ہے جس کے بعد ملزمان فرار ہو گئے ہیں۔ تاہم پولیس نے دفعہ 302، 311 اور 109 کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔