اسلام آباد میں پاکستان کے سب سے بڑے آئی ٹی پارک بنانے کی منظوری
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) خصوصی سرمایہ کاری کونسل نے اسلام آبادمیں ملک کے سب سے بڑے آئی ٹی پارک بنانے کی منظوری دیدی ہے ،آئی ٹی پارک سیکٹر 10-Gمیں 3.3ایکڑ پر محیط ہوگا،اہم منصوبہ پاکستان کے ٹیک لینڈ سکیپ کیلئے ایک نمایاں سنگ میل ہے جو جدت اور ترقی کے بے مثال مواقع فراہم کرے گا۔آئی ٹی پارک پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ موڈ کا حصہ ہے جس کے تحت تقریباً چھ ہزار فری لانسرزکو جدید ترین سہولیات فراہم کرنا اور ای سروسز کے ذریعے ملکی معیشت میں اپنا حصہ ڈالنا ہے۔
اسلام آباد آئی ٹی پارک پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت قائم کیا جائے گا۔ آئی ٹی پارک میں ریسرچ سینٹرز، کانفرنس ہالز، میٹنگ رومز کےلئے جگہ بھی مختص کی جائیگی۔ یاد رہے کہ چند روز قبل سی ڈی اے نے آئی ٹی پارک بنانے کے حوالے سے پلاٹ کومختص کردیاتھا۔
اس حوالے سے اتھارٹی کا کہناتھاکہ اسلام آباد آئی ٹی پارک پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت قائم کیا جائے گا۔
پارک کا کورڈ ایریا ایک لاکھ سکوائر فٹ پر محیط ہوگا۔آئی ٹی پارک میں فری لانسرز، سٹارٹ اپس کےلئے ورکنگ سپیس، سافٹ ویئر ہاﺅسز کےلئے جگہ مختص کی جائے گی۔اتھارٹی نے بتایاتھا کہ آئی ٹی پارک میں لائبریری، آئی ٹی مصنوعات کی نمائش کےلئے جگہ مختص کی جائیگی۔ آئی ٹی پارک میں ریسرچ سینٹرز، کانفرنس ہالز، میٹنگ رومز کےلئے جگہ بھی مختص کی جائیگی۔
سی ڈی اے کا مزید کہنا تھاکہ اسلام آباد آئی ٹی پارک بنانے کے تمام اخراجات نجی کمپنیاں برداشت کریں گی، 15 سال بعد یہ پارک مکمل طور پر سی ڈی اے کے حوالے بھی ہوجائے گا، پارک میں نجی کمپنیاں جگہ کرائے پر لے کر آئی ٹی دفاتر بنا سکیں گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں آئی ٹی سٹی بنانے کا اعلان کیا تھا۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ نئے آئی ٹی اورایجوکیشن سٹی میں عالمی رینکنگ میں سرفہرست یونیورسٹیوں کے کیمپس قائم کئے جائیں گے ماڈیولر ٹیکنالوجی کے ذریعے 10 ماہ میں ٹاورزکی تعمیرمکمل کی جائے گی۔ ٹوئن ٹاورز میں 6 سے 8 ہزارتک افراد کی گنجائش ہوگی۔