اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) سال 2025 کی پہلی قومی انسدادِ پولیو مہم ملک بھر میں جاری ہے۔ ابتدائی 4 دن میں 4 کروڑ 10 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گیے ہیں۔
ترجمان وزارت صحت کے مطابق قومی پولیو مہم 9 فروری تک جاری رہے گی، والدین سے درخواست پولیو مہم کے دوران بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں۔
کوآرڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر مختار بھرتھ نے کہا ہے کہ پولیو ورکرز قوم کے ہیروز ہیں، ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں عوام حکومت کا بھر پور ساتھ دے۔ والدین اور سول سوسائیٹی کی مدد کے بغیر یہ جنگ نہیں جیت سکتے۔
ڈاکٹر مختار بھرتھ کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پولیو کے خاتمے کا پختہ عزم کر رکھا ہے۔ پولیو کے خاتمے کے لیے ایک مربوط حکمت عملی کے تحت کام جاری ہے۔ ملک سے پولیو کے خاتمے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز سنجیدہ اقدامات کو یقینی بنا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہائی رسک علاقوں پر خصوصی حکمت عملی کے زریعے اقدامات جاری ہیں۔ وزیراعظم کی ہدایت پر بلوچستان میں مہم کا جائزہ لینے کے لیے فیلڈ کا دورہ کیا۔ حکومتِ پاکستان پولیو ورکرز کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ آئیے پولیو وائرس کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔