دہشت گرد اسلام کے نام پر لوگوں کو ڈراتے ہیں،نگراں وزیراعظم

0
116

دہشت گرد اسلام کے نام پر لوگوں کو ڈراتے ہیں،نگراں وزیراعظم

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نےپشاور میں پولیس دربار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا کے باہمت، غیرت مند اور باوفا جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں، ملک سعد، صفت غیور جیسے افسران خیبرپختونخوا پولیس کا اثاثہ ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ دہشت گرد اسلام کے نام پر لوگوں کو ڈراتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کیا دہشتگردوں کے سامنے گھٹنے ٹیک دیں؟ دہشت گردی کا پوری طاقت سے جواب دیا جائے گا، بزدل دہشت گرد چھپ کر حملے کرتے ہیں۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ اے پی سی میں بدبختوں نے معصوم بچوں کے ٹکڑے کیے، بزدل دہشت گرد چھپ کر وار کرتے ہیں، ان دہشت گردوں میں غیرت اور ہمت ہے تو سامنے آکر لڑیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم دہشت گردوں کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکیں گے، دہشت گرد اسلام کے نام پر لوگوں کو ڈراتے ہیں، یہ بے غیرت لوگ اپنے بلوں سے باہر تو نکلیں، جو پاکستان کے قانون کو نہیں مانتا وہ یہاں سے چلا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اعلان کرتے ہیں کہ یہ 10 حملے کریں گے، ہم ہزار بار جواب دیں گے، شرپسند خدا کی زمین پر فساد برپا کرتے ہیں، دہشت گردوں کا کوئی خوف نہیں، آپ اعتماد اور یقین کے ساتھ شرپسندوں کا مقابلہ کریں۔

نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حق کے راستے میں جان دینے والوں کا اعلیٰ مقام ہے، زندگی اور موت اللہ نے اپنے ہاتھ میں رکھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی اہلکاروں کی وجہ سے ہم سکون کی نیند سوتے ہیں، حق کی راہ میں قانون اور معاشرہ آپ کے ساتھ ہے، دہشت گردی ہمدری کے لائق نہیں۔