
شہباز شریف کی نیویارک میں مصروفیات، اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب 26 ستمبر کو
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیرِاعظم شہباز شریف اس ہفتے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک میں موجود ہیں جہاں ان کی کئی اہم عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں اور اعلیٰ سطحی اجلاسوں میں شرکت متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق، منگل 23 ستمبر کو وزیرِاعظم امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور سات اسلامی ممالک کے رہنماؤں — سعودی عرب، ترکی، قطر، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا اور مصر — سے مشترکہ ملاقات کریں گے۔ اسی روز وہ اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں شرکت کریں گے اور آسٹریا کے چانسلر کرسچن اسٹروہل، قطر کے ولی عہد و وزیرِاعظم شیخ صباح الخالد، اردن کے بادشاہ عبداللہ دوم اور سری لنکا کے صدر انورا کمارا ڈیسنائیکے سے بھی ملاقات کریں گے۔ بعدازاں وہ چینی وزیرِاعظم کی زیرِ صدارت ترقیاتی سربراہی اجلاس اور امریکی صدر کی جانب سے عالمی رہنماؤں کے اعزاز میں دیے گئے استقبالیے میں بھی شریک ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم آج پیر کو فلسطین کے مسئلے پر دو ریاستی حل سے متعلق کانفرنس میں بھی شریک ہوں گے جبکہ منگل کو سلامتی کونسل کے اجلاس میں اسرائیلی جارحیت پر بریفنگ میں شرکت کا امکان ہے۔
بدھ کے روز شہباز شریف کی ملاقات مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس سے ہوگی، وہ ماحولیاتی مسائل پر ہونے والی کانفرنس میں شریک ہوں گے اور جنوبی کوریا کے صدر کی میزبانی میں منعقدہ مصنوعی ذہانت پر مباحثے میں بھی شامل ہوں گے۔
جمعرات کے دن وہ نوجوانوں کے عالمی پروگرام کی 30ویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت کریں گے۔
جمعہ 26 ستمبر کو وزیرِاعظم اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔ ان کا خطاب اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے بعد ہوگا۔ اسی روز ان کی ملاقات سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے بھی طے ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق وزیرِاعظم کی چین، اٹلی اور کینیڈا کے وزرائےاعظم، ایران کے صدر، قطر کے امیر، یورپی یونین کے صدر اور عالمی بینک و آئی ایم ایف کے سربراہان سے ملاقاتیں بھی ممکن ہیں، تاہم یہ ابھی حتمی نہیں۔