اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) معروف بین الاقوامی ٹیکنالوجی کمپنی ’ایپل‘ نے مالی کرپشن کے الزام میں کئی ملازمین کو برطرف کردیا ہے جن میں بھارتیوں کی تعداد زیادہ ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ’ایپل‘ نے کیلیفورنیا میں قائم اپنے ہیڈ کوارٹر سے 50 ملازمین کو ملازمتوں سے فارغ کردیا ہے تاہم ان 50 ملازمین میں سے بھارتیوں کی تعداد کتنی ہے، مکمل اعدادوشمار ابھی تک سامنے نہیں آ سکے ہیں۔
ایپل کی طرف سے الزام لگایا گیا ہے کہ ان ملازمین نے کمپنی کے خیراتی فنڈز بعض تنظیموں سے ساز باز کرکے ان کے اکاونٹس میں ٹرانسفر کیے جہاں سے یہ فنڈ دوبارہ ان ملازمین کو دیا گیا۔
برطرف کیے گئے ملازمین میں سے کئی ایک کے خلاف فراڈ کے الزام میں قانونی چارہ جوئی کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ کیلیفورنیا میں قائم ایپل کے ہیڈکوارٹر میں اس وقت کام کرنے والے بھارتیوں کی تعداد سینکڑوں میں بتائی جاتی ہے۔