اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) شام میں پھنسے 318 پاکستانی بیروت سے چارٹر طیارے کے ذریعے بحفاظت اسلام آباد پہنچ گئے۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر بیروت سے آنے والے پاکستانیوں کا استقبال کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی خصوصی کاوشوں کی بدولت شام میں پھنسے پاکستانیوں کا انخلا ممکن ہوا، پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے وزیر اعظم نے لبنان کے وزیر اعظم سے رابطہ کیا اور ان سے مدد کی درخواست کی تھی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شام سے بحفاظت پاکستان پہنچنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں، شام میں مقیم پاکستانیوں کی واپسی پہلی ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں جہاں بھی پاکستانی مشکل میں ہو گا تو وہ تنہا نہیں ہو گا۔
انہوں نے کہا شام کی صورتحال کی وجہ سے پاکستانی وہاں محصور ہو گئے تھے، وزیر اعظم نے پاکستانیوں کو فوراً واپس لانے کی ہدایت کیں۔
احسن اقبال نے لبنان کے وزیر اعظم کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے پاکستانیوں کو ویزے جاری کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔