اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مرورت میں سیکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کے دوران 5 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک اور 2 کو زخمی کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خوارج کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر لکی مروت میں آپریشن کیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 5 خوارج دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جب کہ کارروائی کے دوران 2 دہشت گرد زخمی بھی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کسی بھی خارجی کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی عفریت کے مکمل خاتمے کےلئے پرعزم ہیں۔