
قانون دان شیر افضل مروت قانون کی زد میں
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک ) معروف قانون دان اور تحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر شیر افضل مروت کیخلاف ایک اور مقدمہ درج کر لیا گیا۔ مقدمے کے متن کے مطابق شیر افضل مروت نے شکرپڑیاں میں میوزیکل نائٹ پروگرام میں پاکستان مخالف تقاریر کیں اور طلباء کو اشتعال دلایا۔ مقدمہ میں شیر افضل مروت سمیت 20 ملزمان کو نامزد کیا گیا،مقدمہ تھانہ آبپارہ کے ایس ایچ او کی مدعیت میں درج کیا گیا۔
مقدمہ میں ٹریفک میں خلل ڈالنے، دفعہ 144 سمیت این او سی کی خلاف ورزی کا بھی ذکر کیا گیا۔ قبل ازیں شیر افضل مروت اور سابق رکن اسمبلی فضل حکیم سمیت دیگر کے خلاف ورکرز کنونشن کے انعقاد پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے دیر بالا کے علاقے کوٹکے صاحب آباد میں ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا گیا۔
ورکرز کنونشن نے سے عمران خان کے وکیل اور پی ٹی آئی رہنماء شیر افضل مروت نے خطاب کیا۔ بعد ازاں دیر بالا میں ورکرز کنونشن کے دوران پولیس کے ساتھ جھڑپ کے معاملے پر پی ٹی آئی کے مرکزی نائب صدر شیر افضل مروت، سابق ایم پی اے فضل حکیم اور دیگر کے خلاف تھانہ واڑی میں پی پی سی 188 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ کمراٹ دیربالا میں پی ٹی آئی کے قافلے پر پولیس کی فائرنگ سے شالم ولد محمد شدید زخمی ہوگیا۔