بانی پی ٹی آئی عمران خان ایک اور مقدمے سے بری
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) اسلام آباد کی ضلعی عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان، شیخ رشید احمد، شاہ محمود قریشی، علی نواز اعوان اور دیگر کے خلاف آزادی مارچ کے حوالے سے تھانہ آئی نائن میں درج مقدمہ سے بری کردیا۔
اس کے علاوہ آج عمران خان اور بشریٰ بی بی کی عدت کیس میں درخواستوں پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے عدت کیس میں سیشن کورٹ کو عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستوں پر 10روز میں فیصلہ سنانے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے سیشن کورٹ کو سزا معطلی سے متعلق فیصلہ 10روز میں اور اپیلوں پر ایک ماہ میں فیصلہ کرنے کا حکم دیا۔
واضح رہے اس سے قبل ہونے والی سماعت میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے عدت میں نکاح کیس دوسری عدالت کو ٹرانسفر کرنے کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکا کی عدالت کو ٹرانسفر کردیا تھا۔
ڈسڑکٹ اینڈ سیشن جج شاہ رخ ارجمند نے کیس ٹرانسفر کے لیے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کو خط لکھا تھا، اب عدت میں نکاح کیس ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکا سنیں گے، خاور مانیکا نے جج شاہ رخ ارجمند پر اعتراض کیا تھا۔