اردو انٹرنیشنل اسپورٹس ویب ڈیسک تفصیلات کے مطابق پاکستان فٹبال لیگ (پی ایف ایل) کے وفد نے وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثنااللہ سے ملاقات کی ہے۔
رانا ثنا اللہ نے پاکستان فٹبال لیگ کے وفد کو خوش آمدید کہا اورپاکستان میں پی ایف ایل کوفروغ دینے کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
پاکستان فٹبال لیگ کے وفد نے مائیکل اوون اور فرحان احمد جونیجو کی زیر قیادت وزیر اعظم کے مشیر رانا ثنااللہ، وفاقی سیکرٹری، ندیم ارشاد کیانی سمیت وزارت بین الاصوبائی رابطہ کے اعلٰی حکام سے ملاقات میں پاکستان میں فٹبال کی ترقی کے لیے ایک جامع منصوبہ پیش کیا۔
مائیکل اوون نے کہا کہ پی ایف ایل کا مقصد پاکستان میں فٹبال کے بنیادی انفرااسٹرکچر کو ترقی دینا ، سرمایہ کاری کو راغب کرنا، نوجوان ٹیلنٹ کو پروان چڑھانا اور ملک میں مجموعی طور پر فٹبال کا معیار بلند کرنا ہے۔
اس موقع پر رانا ثنااللہ نے وفد کو کہا کہ آپ تمام مشکلات کی پرواہ کیے بغیر فٹبال کی ترقی اورپاکستان کے بچوں کے لیے کام کریں، آپ کو حکومت پاکستان سے جو بھی تعاون درکار ہے وہ ہم آپ کو فراہم کریں گے۔