
taha-bilal-created-history-by-winning-a-medal-at-the-south-asian-level
طحٰہ بلال نے والدین کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے ساؤتھ ایشیا کی سطح پر میڈل جیت کر تاریخ رقم کر دی
اردو انٹرنیشنل اسپورٹس ویب ڈیسک تفصیلات کے مطابق ساؤتھ ایشین ٹیبل چیمپئن شپ ڈبلز ایونٹ میں سلور اور ٹیم ایونٹ میں برانز میڈل جیتنے والے طحٰہ بلال سابق نیشنل ٹیبل ٹینس چیمپئن بلال یاسین اور شبنم بلال کے بیٹے ہیں۔والدین کے بعد بیٹے نے بھی ساؤتھ ایشیا کی سطح پر میڈل جیت کر تاریخ رقم کر دی ۔
والدہ شبنم بلال نے آخری مرتبہ 8 سال پہلے ساؤتھ ایشیا میں میڈل جیتا تھا۔ طحٰہ بلال نےمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ والدین کی طرح میڈل جیتا، مجھے افسوس بھی ہے کہ میں ساؤتھ ایشین چیمپئن شپ کے دوران پاکستان کا قومی ترانہ نہیں بجوا سکا۔
انہوں نے کہا کہ میرا اگلا ہدف انٹرنیشنل مقابلوں میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنا ہے تاکہ پاکستان کا قومی ترانہ بجے، میرے والدین ہی میرے کوچ ہیں اور مجھے ان کی سپورٹ حاصل ہے۔
بلال یاسین دو مرتبہ جبکہ شبنم بلال 7 مرتبہ کی نیشنل چیمپئن ہیں، وہ اب بھی قومی سطح کے ٹیبل ٹینس مقابلوں میں حصہ لیتے ہیں، دونوں ساؤتھ ایشیا کی سطح پر میڈل بھی پاکستان کے لیے جیت چکے ہیں۔