دنیائے فٹ بال کی سب سے بڑی لیگ پریمیئر لیگ جس میں کل 20 کلبوں نے اپنی ٹیمیں اتاریں جس میں ہر ٹیم 38 میچ کھیلتی ہے ، کا سیزن کل اختتام پزیر ہورہا ہے ۔ پریمیئر لیگ سیزن کے آخری 10 میچ اتوار، 19 مئی 2024 کو ہوں گے ۔
لیگ کے 38ویں اور آخری راؤنڈ میں تمام 20 ٹیمیں ایک ہی وقت میں کھیلتی نظر آئیں گی، اس خیال کا مقصد کھیلوں میں زیادہ سے زیادہ شفافیت پیدا کرنا ہے۔ مثال کے طور پر، اگر مانچسٹر سٹی آرسنل اور ایورٹن کے میچ کے بعد کھیلا، تو انہیں پہلے سے ہی معلوم ہوگا کہ انہیں ٹائٹل جیتنے کے لیے کیا حکمت عملی اپنانی چاہیے ۔ لہذا ، تمام 10 میچ شام 4 بجے شروع ہوں گے۔
پریمیئر لیگ اسٹینڈنگ میں اس وقت دو ٹاپ ٹیمیں مانچسٹر سٹی اور آرسنل کے درمیان ٹائٹل کی دوڑ میں سخت مقابلہ ہے ۔ آرسنل کے مقابلے میں مانچسٹر سٹی کا ریکارڈ زیادہ مضبوط ہے کیونکہ وہ پچھلے تین پریمیئر لیگ ٹائٹل جیت چکی ہے اور اس بار بھی ہاٹ فیورٹ ہے ۔
آرسنل کل سیزن کا آخری میچ ایورٹن کے خلاف کھیلے گی اور وہ سہرِ فہرست ٹیم مانچسٹر سٹی سے صرف دو پوائنٹس پیچھے یعنی 86پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے ،اگر آرسنل ایورٹن کے خلاف میچ جیت جاتا ہے تو اس کو 3 پوائنٹس مزید مل جائیں گے اور یوں اگر سٹی کا میچ ویسٹ ہیم کے خلاف ڈرا ہو ایا وہ ہار گئی تو ان کا مسلسل چوتھی بار ٹائٹل جیتنے کا خواب ادھورا رہ جائے گا ۔بصورت دیگروہ لگاتار چوتھی بار پریمیئر لیگ ٹائٹل جیتنے والی پہلی ٹیم بن جائے گی ۔