پاکستان فیڈریشن بیس بال نے پنجاب بیس بال لیگ کے بعد آئندہ سال پاکستان بیس بال لیگ کرانے کا اعلان کیا ہے جس میں فلسطینی کھلاڑیوں اور کوچز کی جانب سے بھی شرکت کی تصدیق کر دی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان فیڈریشن بیس بال کے سیکرٹری سید فخر علی شاہ کاکہنا ہے کہ گزشتہ ماہ لاہور میں پنجاب بیس بال لیگ کا انعقاد کیا گیا جس میں پنجاب کی 3 ٹیموں نے شرکت کی اور 6 غیر ملکی کوچز بھی شامل تھے۔
انہوں نے کہا کہ اس لیگ کا تجربہ شاندار رہا، اب پاکستان کی سطح پر لیگ ہو گی، جو آئندہ سال کھیلی جائے گی۔
ان کا کہنا ہے کہ غیر ملکی کھلاڑی اور کوچز بھی اس لیگ میں شرکت کریں گے، فلسطین کے کھلاڑیوں اور کوچز نے بھی آئندہ سال ہونے والی بیس بال لیگ میں شرکت کی تصدیق کی ہے، فلسطین ٹیم کے کھلاڑی امریکا میں ٹریننگ کرتے ہیں۔
بھارت، ملائیشیا، نیپال اور سری لنکا کے کھلاڑی بھی پاکستان بیس بال لیگ میں حصہ لیں گے۔