کولمبیئن فٹ بالر گیلرمو ڈینس بیلٹران تربیتی سیشن کے دوران انتقال کرگئے

اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ڈیسک) تفصیلات کے مطابق کولمبیا کے فٹ بال کھلاڑی گیلرمو ڈینس بیلٹران ، 24 سال کی کم عمری میں بولیوین کلب سانتا کروز کے ساتھ تربیتی سیشن کے دوران المناک طور پر انتقال کر گئے ۔ 24 سالہ بیلٹران، نے تربیتی سیشن کے دوران طبیعت خراب محسوس کی اور جلد ہی زمین پر گرگئے۔کلب نے تصدیق کی کہ 24 سالہ اسٹرائیکر کی موت سانس بند ہونے کی وجہ سے ہوئی ۔

اسٹرائیکر کے ساتھیوں نے میڈیا کو بتایا کہ اسے گرنے سے پہلے متلی محسوس ہوئی۔ کلب کی میڈیکل ٹیم نے فوری طور پر اس کی طبیعت بحال کرنے کی کوششیں شروع کیں، لیکن وہ اس میں ناکام رہے ۔ کلب کے ڈائریکٹر اڈولفو سوریا گالوارو نے کہا “وہ معمول کے مطابق تربیت کر رہا تھا اور پھر وہ گر گیا۔ انہوں نے اسے ہوش میں لانے کی کوشش کی لیکن وہ اس وقت مر گیا جب اسے کلینک منتقل کیا جا رہا تھا” ۔

ان کے ساتھی اور فٹ بال کمیونٹی کو ان کے اچانک انتقال سے شدید صدمہ پہنچا۔ بولیوین فٹ بال فیڈریشن اور کلب نے ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ بیلٹران، کی بے وقت موت پہ تحقیقات کی جائیں گی۔

بیلٹران نے گزشتہ سال ہی پیراگوئین کلب سے سانتا کروز میں شمولیت اختیار کی تھی۔ وہ پہلے کولمبیا کے کلبوں کے لیے کھیلتے تھے۔ بیلٹران نے بولیوین چیمپئن شپ میں سانتا کروز کے لیے 21 میچوں میں ایک گول کیا۔