پورا سندھ پیپلز پارٹی کو دے کر دو سیٹیں ہمیں دے دی گئی, پیر پگارا
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) تفصیلات کے مطابق گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس( جی ڈی اے )کے سربراہ پیر پگاراسبغت اللہ نے حال ہی میں ہونے والے عام انتخابات میں شکست کے بعد ایک اجلاس کی صدارت کی۔ انتخابات میں دھاندلی سے متعلق میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پیرپگارا نے کہا کہ یہ اینٹی اسٹیٹ الیکشن تھے. آصف علی زرداری کو پورا سندھ نوازا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر صوبے کی تمام سیٹیں زرداری کو دینی تھیں تو آپ نے ہمیں دو سیٹوں کا فاتح کیوں قرار دیا؟
پیر پگارا نے عام انتخابات 2024 کے نتائج کو مسترد کرتے ہوئے سندھ اسمبلی کی دو نشستیں بھی واپس کرنے کا اعلان کرلیا.
پیر پگارا نے کہا کہ ان کی جماعت انتخابی نتائج کو مسترد کرتی ہے اور 16 فروری کو حیدرآباد بائی پاس پر احتجاجی دھرنا دینے کا اعلان کرتی ہے.
پیر پگارا کا کہنا تھا کہ مجھے ایک دوست نے مشورہ دیا کہ جی ڈی اے کو ختم کر کے زرداری کے ساتھ اتحاد کر لو, سیٹیں مل جائیں گی. میں نے کہا کہ میں جی ڈی اے کو ختم نہیں کر سکتا.
پیر پگارا نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی ( عمران خان) میرے دوست یا رشتہ دار نہیں ہیں لیکن میں ان نوجوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے 8 فروری کو باہر نکل کر عمران خان کو ووٹ دیا۔