ہم عوام کے بنیادی انسانی حقوق کو تحفظ دینے میں ناکام ہیں، مولانا فضل الرحمٰن
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) بنوں میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ ہم عوام کے بنیادی انسانی حقوق کو تحفظ دینے میں ناکام ہیں، ہمارے نوجوان آج بھی اپنے مستقبل سے مایوس ہیں کیونکہ قوم کو آج تک روزگار ملا نہ ان کے مسائل حل کیے گئے۔
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ ’بنوں کے عوام وفادار لوگ ہیں، 60 سال گزرنے کے باوجود بنوں کے لوگوں کی جمعیت سے وابستگی مضبوط ہوئی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’پاکستان میں بدامنی روز بروز بڑھتی جارہی ہے، افغانستان بدامنی اور بے روگاری سے تباہ ہوا، ملک میں امن ہوگا تو عام آدمی کی جان محفوظ ہوگی اور سیاسی استحکام آئے گا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم بنیادی انسانی حقوق کو تحفظ دینے میں ناکام ہیں، ہمارے نوجوان آج بھی اپنے مستقبل سے مایوس ہیں کیونکہ قوم کو آج تک روزگار ملا نہ ان کے مسائل حل کیے گئے۔‘
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ ’8 فروری کو سب لوگ تماشہ دیکھیں گے اور ہم اسلام دشمن قوتوں کو 8 فروری کو ووٹ کے ذریعے شکست دیں گے، آزادی بہت بڑی نعمت ہے، ہم قوم کو حق دلائیں گے اور آج کا جلسہ تاریخ میں یاد رکھا جائے گا۔‘