اردو انٹرنیشنل اسپورٹس ڈیسک تفصیلات کے مطابق پریمیئر لیگ کے میچ میں مانچسٹر سٹی اور ناٹنگھم فاریسٹ مدِ مقابل تھے ۔ اس میچ میں سٹی کو کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جیسا کہ سٹی کے دو اہم کھلاڑی فل فوڈن اور روبن ڈیاس انجری کے باعث میچ نہیں کھیل سکے ، جبکہ ایک اور اہم کھلاڑی ایرلنگ ہالینڈ بھی بینچ پر تھے ۔ تاہم ان کی مشکلات میں مزید اضافہ اس وقت ہوگیا جب ان کے گول کیپر ایڈرسن کو کندھے کی انجری کی وجہ سے ہاف ٹائم میں کھیل چھوڑنا پڑا ۔ اس کے باوجود سٹی نے ڈٹ کر مقابلہ کیا اور کھیل کو بہتر طریقے سے کنٹرول کرنے کی کوشش کرنے کے لیے ہاف ٹائم میں ایرلینگ ہالینڈ کو کھیل میں شامل کیا ، لیکن فاریسٹ مضبوط رہا اور سٹی کے دفاع کے لیے مسلسل مسائل کا باعث بنا رہا۔ تاہم ،جوسکو گیوارڈیول نے کیون ڈی بروئن کے کارنر کِک سے ایک طاقتور ہیڈر مار کر مانچسٹر سٹی کے لیے پہلا گول کیا۔
اس کے بعد ناروے سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی ایرلنگ ہالینڈ جو انجری کی وجہ سے گزشتہ دو گیمز میں مانچسٹر سٹی کو دستیاب نہیں تھے نےکھیل کے 62ویں منٹ میں سٹی کے لیے دوسرا گول داغ دیا جو سٹی کی جیت کا باعث بنا ۔ کیون ڈی بروئن نے ان دونوں گولز میں معاونت فراہم کی جس سے ٹیم میں ان کی اہمیت کا پتا چلتا ہے کیونکہ اس نے اس سیزن میں کل 14 اسسٹ فراہم کیے ہیں ۔
تاہم نوٹنگھم فاریسٹ، لیگ کے نچلے درجے میں ہونے اور ریلیگیشن زون کی زد میں ہونے کے باوجود مانچسٹر سٹی کے خلاف اچھا کھیلا۔ انہوں نے گول کرنے کے کچھ اچھے مواقع پیدا کیے لیکن انہیں گول میں تبدیل نہ کر سکے۔ انہوں نےپر عزم کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن بالآخر میچ ہار گئے۔
یہ فتح سٹی کو آرسنل کے بالکل قریب لے آئی جو پریمیئر لیگ میں سہرِ فہرست ہے ۔مانچسٹر سٹی کے کوچ پیپ گارڈیولا چاہتے ہیں کہ ان کی ٹیم اپنے باقی تمام گیمز جیت لے تاکہ اسے لگاتار چوتھی بار پریمیئر لیگ کا ٹائٹل جیتنے کا موقع ملے۔ انہوں نے آرسنل کے مقابلے میں ایک گیم کم کھیلی ہے اگر سٹی ایک اضافی گیم جیت جاتا ہے تو دو پوائنٹس سے ٹائٹل جیت لے گا۔