پی آئی اے کی بولی براہ راست نشر ہوگی، وزیر نجکاری کی یقین دہانی
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان نے کہا ہےکہ یقین دلاتا ہوں پی آئی اے کی بولی براہ راست نشر ہوگی۔
سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر نجکاری علیم خان نے کہا کہ پی آئی اے کی تباہی میں سب نے اپنا حصہ ڈالا ہے، پی آئی اے کی نجکاری نہیں کریں تو کیا کریں؟ پی آئی اے اس طرح نہیں چل سکتی، اب گنجائش نہیں کہ 100،100 ارب روپے پی آئی اے کو دیں، اگر پی آئی اے بند ہو جائے تو پھر ملازمین کا کیا ہو گا؟ ملازمین کے لیے شرائط میں شامل ہے کہ تین سال ملازمین کو رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کا خسارہ 830 ارب ہے اور اس وقت صرف 18 جہاز چل رہے ہیں، ہمارے پاس ملازمین زیادہ نہیں ہیں اگر جہاز زیادہ کرلیں تویہ ملازمین زیادہ نہیں لگیں گے۔
وزیر نجکاری کا کہنا تھا کہ یقین دلاتا ہوں جس دن پی آئی اے کی بولی ہوگی یہ لائیو نشر ہوگی، ہم 50 فیصد شئیر فلوٹ کررہے ہیں تو یہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ہی ہے، میری بھی یہ خواہش ہے کہ ہم اپنے اثاثوں کو بچالیں۔
علیم خان ن مزید کہا کہ حکومت کا کام بزنس کرنا نہیں بل کہ سہولت دینا ہے، حکومت بزنس کرے تو یہی ہوتا ہے جو پی آئی اے کے ساتھ ہوا۔