عمران خان نے قومی اسمبلی کے 3 حلقوں سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کرلیا
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک)میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان تین حلقوں سے الیکشن لڑیں گے، سابق وزیراعظم لاہور، میانوالی اور اسلام آباد سے آئندہ عام انتخابات میں حصہ لیں گے، اس حوالے سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے روکنا جمہوری عمل نہیں ہے، کارکنوں کو ہدایات کردی گئی ہیں کہ اپنے کاغذات فائل کر دیں، امیدواروں کیلئے جیل میں موجود پی ٹی آئی رہنماؤں کو ترجیح دی جائے گی۔
پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی ٹکٹ کے خواہش مند افراد کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ 8 فروری کے انتخابات کے ٹکٹ اگلے دو ہفتوں میں فائنل ہوں گے، امیدوار ٹکٹ کا انتظار کیے بغیر 22 دسمبر تک کاغذات نامزدگی جمع کروادیں، فارم پر کرنے کے لیے کسی ماہر وکیل کی خدمات حاصل کرکے کاغذات جمع کروائیں، الیکشن کے طریقہ کار کے ماہرین اور حلقے کے وکلاء کو اپنی ٹیم کا لازمی حصہ بنائیں۔
ہدایت نامہ میں کہا گیا ہے کہ کاغذات حاصل کرنے یا جمع کروانے یا سکروٹنی کیلئے امیدوار کا موجود ہونا ضروری نہیں، پی ٹی آئی کے امیدوار اپنے تجویز کنندہ اور تائید کنندہ کی حفاظت یقینی بنائیں، کاغذات نامزدگی جمع کرانے وقت پارٹی ٹکٹ منسلک کرنا ضروری نہیں، پارٹی ٹکٹ 11 جنوری تک جمع کروایا جا سکتا ہے۔
اسی سلسلے میں الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ایک امیدوار مختلف تجویز کنندہ و تائید کنندگان کے ساتھ زیادہ سے زیادہ پانچ کا غذات نامزدگی جمع کروا سکتا ہے، کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے لیے قومی اسمبلی کی نشست کے امیدوار کے لیے فیس 30 ہزار روپے ہے، ایک کا غذات نامزدگی کا فارم کی قیمت 100 روپے ہے، صوبائی اسمبلی کی نشست کے لیے امیدوار کے لیے فیس 20 ہزار روپے ناقابل واپسی ہے۔