حکومت نے نہ تو انٹرنیٹ کو بلاک کیا ہے اور نہ ہی سست کیا ہے،وزیر آئی ٹی کا دعویٰ
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ خواجہ نے اتوار کو ملک بھر میں انٹرنیٹ کی سست روی کے پیچھے حکومت کے ملوث ہونے کی تردید کی ہے.
وزیر آئی ٹی نے انٹرنیٹ صارفین کی جانب سے ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک (VPN) کے استعمال کو “ان کے فونز” کے سست ہونے کی وجہ قرار دیا۔
شزہ خواجہ نے گزشتہ روز اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انٹرنیٹ کے وقفے وقفے سے جاری مسائل پر عوام کے غم و غصے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ “میں قسم کھا کر کہہ سکتی ہوں کہ حکومت پاکستان نے انٹرنیٹ کو بلاک نہیں کیا اور نہ ہی اسے سست کیا”۔
وزیرآئی ٹی نے کہا کہ حکومت نے ماہرین سے بات کی ہے اور دن رات صورتحال جاننے کی کوشش میں مصروف ہیں.
انہوں نے مزید کہا کہ کچھ ایپلی کیشنز ڈاؤن لوڈ نہیں ہو رہی تھیں اس لیے لوگوں نے وی پی این کا استعمال کیا۔ “VPN کو آن کرنے سے فون سست ہو جاتا ہے۔”
وزیر آئی ٹی کا یہ بیان اس وقت آیا جب ملک بھر میں لاکھوں لوگوں کو محدود کنیکٹیویٹی کی وجہ سے موبائل ڈیٹا استعمال کرتے وقت انٹرنیٹ سروسز تک رسائی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے.
وائرلیس اینڈ انٹرنیٹ سروس پرووائیڈرز ایسوسی ایشن آف پاکستان (WISPAP) سمیت متعدد ماہرین نے اس رجحان کو ملک میں فائر وال کی تنصیب کی وجہ سے بڑھتی ہوئی سیکیورٹی اور نگرانی کو قرار دیا تاکہ ناپسندیدہ مواد کو وسیع تر صارفین تک پہنچنے سے روکا جا سکے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے شزہ فاطمہ خواجہ نے انٹرنیٹ فائر وال کو نافذ کرنے کے اپنے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے اسے سائبرسیکیوریٹی اقدام قرار دیا تھا جسے “دنیا کا ہر ملک اپناتا ہے”۔