اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو نے حزب اللّٰہ پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام لگا دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل نے جنگ بندی کے بعد لبنان پر فضائی حملہ کر دیا۔
سرکاری لبنانی نیشنل نیوز ایجنسی کے مطابق اسرائیلی بمبار میں “جباع قصبے کے مضافات میں بصلیہ اور بوریج کے علاقوں” اور “جبل صافی کی چوٹیوں اور اقلیم التفاح کے علاقے لوئیزا اور ملیخ کے مضافات” کو نشانہ بنایا گیا۔
ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ حومین الفوقا اور دیر الزہرانی کے درمیان کے علاقے کو دشمن کے حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا”۔ اس دوران کم اونچائی پر جنوبی علاقوں میں اندر تک اسرائیلی جاسوسی طیارے پرواز کرتے رہے۔
درایں اثنا لبنان کی وزارت صحت نے پیر کی شام کو ایک ابتدائی بیان میں کہا کہ جنوبی لبنان کے قصبوں حاریص اور طلوسہ پر اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق اور 3 دیگر زخمی ہوئے۔
اس حوالے سے اسرائیل کا کہنا ہے کہ پیر کے روز حزب اللّٰہ نے مقبوضہ بارڈر ایریا میں اسرائیلی پوزیشنز پر حملہ کیا تھا، حزب اللّٰہ کے حملے کے جواب میں فضائی حملہ کیا گیا۔
اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ حزب اللّٰہ نے شبعا فارمز کے علاقے میں 2 میزائل داغے تھے، لبنان میں متعلقہ فریق اپنی ذمے داریاں پوری کریں، حزب اللّٰہ کی سرگرمیوں کو روکیں۔
واضح رہے کہ اسرائیل اور حزب اللّٰہ کے درمیان جنگ بندی معاہدہ 27 نومبر کو نافذ العمل ہوا تھا۔