ایران کے وزیرِ خارجہ حسین امیرعبداللہیان کون ہیں؟
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک)ایران کے وزیرِ خارجہ حسین امیرعبداللہیان بھی اس ہیلی کاپٹر میں سوار تھے جسے آج ایران میں حادثہ پیش آیا ہے۔
گذشتہ کئی ماہ کے دوران جب اسرائیل غزہ جنگ میں فوری سفارتی کوششیں تیز ہونا شروع ہوئیں تو ایرانی وزیر خارجہ ہر جگہ نظر آتے تھے اور ایرانی اتحادیوں اور عرب، مغربی وزرا خارجہ کے ساتھ فون کالز اور میٹنگز میں موجود ہوتے تھے۔
ایران کے وزیرِ خارجہ حسین امیرعبداللہیان ایرانی حکومت میں ایک اہم عہدے پر فائز تھے جہاں طاقت کا مرکز رہبرِ اعلیٰ ہیں اور ایران کے پاسدارانِ انقلاب ملک کی خارجہ پالیسی پر حاوی ہیں۔
وزارت خارجہ میں اعلیٰ عہدوں پر تعیناتی کے دوران، پاسدارانِ انقلاب کے ساتھ ان کے قریبی تعلقات استوار ہوئے، خیال کیا جاتا ہے کہ ایرانی وزیر خاجہ سابق کمانڈر قاسم سلیمانی کے بہت قریب رہے۔
حسین امیرعبداللہیان ایران کو تنہا کرنے کی کوششوں کے خلاف اور بین الاقوامی پابندیوں کے اثرات کو کم کرنے کے طریقے تلاش کرنے کے لیے دنیا بھر کے دارالحکومتوں کا سفر کرتے رہے ہیں۔