پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم کرنا ہے، ہم دوست نہیں ایک خاندان ہیں: سعودی وزیر
اردو انٹرنیشنل ( مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی وزیر برائے سرمایہ کاری انجنینئر خالد بن عبدالعزیز الفالح کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان لازوال تعلقات ہیں اور ہمیں پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم کرنا ہے۔
جمعرات کو اسلام آباد میں پاک سعودی عرب بزنس فورم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعودی وزیر برائے سرمایہ کاری انجنینئر خالد بن عبدالعزیز الفالح کا کہنا تھا طیارےکا دروازہ کھلنے سے پہلے ہم نے پاکستان کی محبت محسوس کی، ہم دوست نہیں ایک خاندان ہیں، ہمیں پاکستانی دوستی کی گرمجوشی کا احساس ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارے لیے دوسرا گھر ہے اور پاک سعودی بزنس فورم تاجر برادری کے درمیان رابطےکے حوالے سے اہم ہے، دونوں ممالک کے تعلقات کی طویل تاریخ ہے، دونوں ممالک کے درمیان مذہبی اور روحانی تعلق قائم ہے۔
سعودی وزیر سرمایہ کاری کا کہنا تھا کہ تجارت بڑھانے کے لیے جغرافیائی قربت کا فائدہ اٹھانا چاہیے، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی تعاون انتہائی اہم ہے، دونوں ممالک کی باہمی تجارت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دوطرفہ تجارت کے فروغ میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی کوششوں کی تعریف کرتا ہوں، تجارتی حجم میں اضافہ بڑھتی اقتصادی شراکت داری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کا وہاں کی ترقی میں اہم کردار ہے ، صدر آصف علی زرداری نے پاک سعودی دوستی کے فروغ اور وسعت پر زور دیا ہے، ہم نے چیف آف آرمی سٹاف عاصم منیر کے ساتھ ملاقات کی، انہوں نے کہا سعودی عرب میں سرمایہ کاری کو سنگل ونڈو بنائیں گے۔
سعودی وزیر کا کہنا تھا پاکستان کے ساتھ 27 ایم او یوز پر دستخط ہوں گے، پاکستان کے ساتھ ہاہمی تجارتی تعاون بڑھا ہے اور ہماری سرمایہ کاری تیزی سے بڑھی ہے، پاک سعودی تعلقات کی طرح ہمارے معاشی تعلقات بھی لامحدود ہیں۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا خطاب
اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں پاکستانی معیشت میں مسلسل استحکام آرہا ہے، پچھلے ایک سال میں پاکستان کی معیشت مستحکم ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں خاطر خواہ کمی آرہی ہے، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ اور روپے کی قدر میں استحکام آیا ہے جب کہ مہنگائی کی شرح بھی سنگل ڈیجیٹ میں آچکی ہے جو اس وقت 6.9 ہے، توقع ہے شرح سود میں مزید کمی ہوگی، شرح سود میں کمی سے معاشی سرگرمیاں بحال ہوں گی۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ معاشی اصلاحات کی بہتری کے لیے کام کررہے ہیں اور اس وقت ہم معاشی محاذ پر بہترین پوزیشن میں آ گئے ہیں، ہم نے مائیکرو اکنامک اسٹیبلیٹی کے لیے کام کیا ہے۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا خطاب
اس موقع پر فورم سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے کہا کہ پاک سعودی عرب اسٹریٹجک شراکت داری نئے دور میں داخل ہوگئی ہے، پاکستان سعودی عرب کےساتھ اپنے تاریخی تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان جلد دنیا کی 24ویں مضبوط معیشت بن کر ابھرے گا، سعودی عرب کوکان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں، پاکستان میں آئی ٹی کا شعبہ عالمی سرمایہ کاروں کو راغب کررہا ہے۔
سربراہ آئی ایف سی ولید المرشد کا خطاب
پاک سعودی عرب بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ آئی ایف سی ولید المرشد نے کہا کہ پاکستان میں نجی شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں، سرمایہ کاری کے لیے پاکستان سے بات چیت مثبت رہی۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان کاروبار کو فروغ دیں گے، پاکستانی سرمایہ کاروں میں کاروبار کے لحاظ سے امکانات موجود ہے، سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرنے پر پاکستانی حکام کے شکر گزار ہیں۔