روس: ماسکو کے کنسرٹ ہال پر حملہ، 62 افراد ہلاک، 100 سے زائد زخمی

0
171
ماسکو دہشت گرد حملے میں ہلاکتوں کی تعداد 93 ہوگئی 11 مشتبہ افراد زیر حراست

روس: ماسکو کے کنسرٹ ہال پر حملہ، 62 افراد ہلاک، 100 سے زائد زخمی

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) روس کے دارالحکومت ماسکو کے مضافاتی علاقے میں ایک میوزک کنسرٹ میں پانچ مسلح افراد نے فائرنگ کر کے کم از کم 62 افراد کو ہلاک، 146سے زیادہ کو زخمی کر دیا اور تھیٹر میں آگ لگا دی۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق روسی دارالحکومت کے شمال میں کراسنوگورسک کے مضافاتی علاقے میں واقع کروکس سٹی کنسرٹ ہال میں آگ تیزی سے پھیل گئی، جہاں کئی ہزار افراد موجود تھے اور اس کنسرٹ میں بین الاقوامی فنکار بھی شریک تھے۔

ایف ایس بی سکیورٹی سروس کے مطابق دہشت گرد حملے میں 62 افراد ہلاک اور 146سے زیادہ زخمی ہو گئے۔

حکام دہشت گردی کے بارے میں تحقیقات کر رہے ہیں اور صدر ولادی میر پوٹن کو مسلسل باخبر رکھا جا رہا ہے۔کنسرٹ میں موجود ایک میوزک پروڈیوسر الیکسی نے بتایا کہ اس نے مشین گن کے کئی برسٹ فائر ہونے کی آوازیں سنیں اور پھر خواتین کی چیخ و پکار کی آوازیں آنے لگیں اور بھگدڑ مچ گئی۔

خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق فوجی کپڑوں میں ملبوس حملہ آوروں نے کنسرٹ ہال کی عمارت میں داخل ہو کر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی اور پھر گرینیڈ پھینک دیا۔

ہزاروں افراد کی گنجائش کے حامل کنسرٹ ہال میں راک بینڈ میں ’پکنک‘ کا کنسرٹ تھا اور حملے کے بعد وہاں ہر جانب آگ پھیل گئی۔

موقع پر موجود روسی صحافیوں نے بتایا کہ فائرنگ کا سلسلہ 15 سے 20 منٹ تک جاری رہا اور لوگوں نے زمین پر لیٹ کر اپنی جانیں بچانے کی کوشش کی اور پھر رینگتے ہوئے عمارت سے باہر آئے۔

تھیٹر کی بیسمنٹ سے 100 لوگ بحفاظت باہر نکلنے میں کامیاب ہو گئے جبکہ کچھ لوگوں نے عمارت کی چھت پر پناہ لی۔

اس تھیٹر میں ساڑھے 9 ہزار لوگوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے اور کنسرٹ کے فروخت ہونے والے ٹکٹوں کی مناسبت سے حساب لگایا جائے تو حملے کے وقت ہال میں 6ہزار 200 سے زائد لوگ موجود تھے۔

روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا نے اس کارروائی کو دہشت گرد حملہ قرار دیا ہے اور عالمی برداری سے اس حملے کی مذمت کرنے کا مطالبہ کیا۔

دوسری جانب ماسکو کے میئر سرگئی سبینن نے مرنے والوں کے اہلخانہ سے تعزیت کرتے ہوئے اس ہفتے کے آکر شیڈول تمام عوامی تقریبات اور مقابلوں کو منسوخ کرنے کا اعلان کردیا۔

حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کرلی:

امریکی میڈیا نے کہا ہے کہ 22 رات کو ماسکو میں ہونے والے حملے کی ذمہ داری دہشت گرد تنظیم داعش نے قبول کرلی ہے جس میں کم از کم 62 افراد ہلاک اور 100 کے قریب زخمی ہوئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق امریکی حکام نے کہا کہ امریکا نے حال ہی میں روس کو حملے کے امکان کے بارے میں خبردار کیا تھا۔

وائٹ ہاؤس نیشنل سیکیورٹی کونسل کی ترجمان ایڈرین واٹسن نے کہا کہ ’رواں ماہ کے شروع میں امریکی حکومت کے پاس ماسکو میں بڑی تقریبات (جس میں کنسرٹ بھی شامل تھا) پر ممکنہ بڑے دہشت گرد حملے کے بارے میں معلومات تھیں، جس کے بعد امریکا نے روس کو خبردار کیا تھا۔

عالمی دہشتگرد تنظیم داعش نے سماجی رابطوں کی ایپلی کیشن ٹیلی گرام پر اپنے چینل پر ماسکو کے نواحی علاقے کراکس کے سٹی ہال پر دہشتگرد حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔