وزیراعظم شہبازشریف کا کابینہ ارکان کے ہمراہ جی ایچ کیو کا دورہ ، آرمی چیف نے استقبال کیا

0
64

وزیراعظم شہبازشریف کا کابینہ ارکان کے ہمراہ جی ایچ کیو کا دورہ ، آرمی چیف نے استقبال کیا

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے کابینہ کے اہم ارکان کے ہمراہ جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا، جی ایچ کیو پہنچنے پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے وزیراعظم کا استقبال کیا، وزیراعظم شہبازشریف کی آمد پر انہیں گارڈ آف آنرز پیش کیا گیا۔

وزیراعظم نے یاد گار شہداء پر پھول چڑھائے اور شہداء کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم شہبازشریف اور کابینہ ارکان نے عسکری قیادت سے ملاقات کی۔ قومی سلامتی علاقائی استحکام اور آپریشنل تیاریوں پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعظم اور کابینہ ارکان کو سکیورٹی صورتحال اور خطرے کے اسپیکٹرم پر بریفنگ دی گئی، سکیورٹی خطرات سے نمٹنے اور انسداد دہشتگردی کاروائیوں سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔

علاقائی سالمیت کے تحفظ اور امن واستحکام کیلئے پاک فوج کے عزم کو سراہا گیا۔ وزیراعظم شہباشریف نے کہا کہ حکومت مسلح افواج کی آپریشنل تیاریوں کو یقینی بنانے کیلئے تمام وسائل فراہم کرے گی ، پاکستان ترقی کی جانب گامزن ہے مسلح افواج پرامن پاکستان کیلئے کوشاں ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف اور آرمی چیف عاصم منیر نے خوش حال اور مضبوط پاکستان کیلئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاک فوج قوم کی توقعات پر پورا اترتی رہے گی، پاکستان کو سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے میں حکومت کی حمایت جاری رہے گی۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے وزیراعظم کے دورے اور مسلح افواج پر اعتماد پر اظہار تشکر کیا۔ دورے کے اختتام پر خوش حال اور مضبوط پاکستان کیلئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔