سینیٹ (ایوان بالا) کی 6 خالی نشستوں پر ضمنی الیکشن، پولنگ جاری
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) سینیٹ کی تمام خالی نشستوں پر انتخاب کے لیے تمام تیاریاں مکمل ، بلوچستان سے سینیٹ کی 3، سندھ سے 2 اور اسلام آباد کی ایک سیٹ پر ضمنی الیکشن ہورہا ہے۔
اسمبلی قانون کے مطابق ووٹ دیتے وقت پولنگ اسٹیشن کے اندر موبائل یا کیمرہ لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی، پولنگ صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گی۔
واضح رہے کہ سینیٹ کی ان 6 خالی نشستوں پر الیکشن کے لیے سید یوسف رضا گیلانی سمیت 21 امیدواروں نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے تھے، یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ الیکشن لڑنے اور اسلام آباد سے اپنی نشست دوبارہ حاصل کرنے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، یہ سیٹ 8 فروری کے عام انتخابات میں رکن قومی اسمبلی کی حیثیت سے ان کی کامیابی کے بعد خالی ہوگئی تھی۔
یوسف رضا گیلانی کا مقابلہ سنی اتحاد کونسل (ایس آئی سی) کے حمایت یافتہ چوہدری الیاس مہربان سے ہوگا۔
سندھ سے سینیٹ کے ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی کے جام سیف اللہ خان اور محمد اسلم ابڑو امیدوار ہیں جبکہ سنی اتحاد کونسل کے نذیر اللہ اور شازیہ سہیل بھی سندھ سے سینیٹ کے امیدوار ہیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی کے ارکان نے سینیٹ الیکشن میں ووٹ کاسٹ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بلوچستان سے سینیٹ کی 3 جنرل نشستوں پر ضمنی انتخاب کے لیے 7 امیدوار میدان میں ہیں۔
پیپلز پارٹی کے عبدالقدوس بزنجو اور مسلم لیگ ن کے دوستین ڈومکی امیدواروں میں شامل ہیں، جے یو آئی ف کے عبدالشکور خان اور بلوچستان عوامی پارٹی کے کہدہ بابر اور مبین خلجی بھی امیدوار ہیں۔
دو امیدوار سید محمود شاہ اور میر حربیار ڈومکی بھی آزاد حیثیت سے الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔
یاد رہے کہ سینیٹ کی 6 نشستیں یوسف رضا گیلانی، مولانا عبدالغفورحیدری، نثارکھوڑو، جام مہتاب، پرنس احمد عمر اور سرفرازبگٹی کے مستعفی ہونے کے بعد خالی ہوئی تھیں۔
Latest Urdu news, Urdu videos, Urdu blogs and columns – اردو انٹرنیشنل